وادی تیراہ سے تعلق رکھنے والے متاثرہ خاندانوں (آئی ڈی پیز) کی دو روز سے معطل رجسٹریشن کا عمل بحال کر دیا گیا ہے۔ تحصیل باڑہ میں نادرا ویریفیکیشن اور ڈیٹا انٹری کے تین نئے مراکز نے کام شروع کر دیا ہے، جہاں رجسٹریشن کے آغاز کے ساتھ ہی متاثرین کی بڑی تعداد دیکھی گئی۔

 

تفصیلات کے مطابق تحصیل باڑہ میں قائم کیے گئے نئے مراکز میں بادشاہ خان کلے ملک دین، تکیہ مرکز برقمبر خیل اور باڑہ بازار قمبر آباد مارکیٹ شامل ہیں۔ ان مراکز میں تیراہ آئی ڈی پیز کی بائیو میٹرک تصدیق کی جا رہی ہے جبکہ نجی کمپنی کی جانب سے سمز بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ رجسٹریشن کے آغاز پر تینوں مراکز میں متاثرین اندراج کے عمل میں مصروف نظر آئے۔

 

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق اب تک نئے اور پہلے سے درج شدہ متاثرہ خاندانوں کی مجموعی تعداد تقریباً 7 ہزار 600 ہے۔

 

دوسری جانب وادی تیراہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دو روز سے جاری برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ برف جمع ہونے کے باعث تمام رابطہ سڑکیں بند ہیں، جس کی وجہ سے آمدورفت معطل ہے۔

 

مقامی ذرائع کے مطابق بازاروں کی سرگرمیاں محدود ہو گئی ہیں اور اشیائے ضرورت کی دستیابی میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ سڑکوں کی بندش کے باعث لوگ گھروں تک محدود ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ علاقے میں غذائی اجناس کی فراہمی کے لیے باڑہ اور شین کمر سے امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے، تاہم مکمل راستے تاحال کلیئر نہیں ہو سکے ہیں۔