وادیٔ تیراہ میں مقامی آبادی کے لیے نقل مکانی سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ چوبیس رکنی کمیٹی کے سربراہ ملک کمال الدین آفریدی نے سوشل میڈیا کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ نقل مکانی کے سلسلے میں مقرر کی گئی 25 جنوری کی ڈیڈ لائن ختم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تاحال نقل مکانی کی کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی، لہٰذا تمام رہائشیوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں ہی مقیم رہیں اور غیر ضروری نقل مکانی سے گریز کریں۔ اس فیصلے کی بنیادی وجہ وادیٔ تیراہ میں جاری شدید برف باری ہے، جس کے باعث حالات مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں۔
ملک کمال الدین آفریدی کے مطابق جن علاقوں میں خوراک یا ادویات کی کمی کا سامنا ہے، وہاں کے رہائشی اپنے قبیلے کے قریب واقع فوجی پوسٹس سے ضروری اشیاء حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ لار باغ میں بھی کل سے خوراک اور ادویات کی فراہمی شروع کی جا رہی ہے، جہاں ہر رہائشی اپنی ضرورت کے مطابق سامان حاصل کر سکے گا۔
انہوں نے رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں، گھروں میں رہیں اور امدادی مراکز سے سہولت حاصل کریں تاکہ موجودہ مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
