محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی اضلاع میں رات کے وقت موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔

 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چترال، دیر اپر، دیر لوئر، بونیر، مالاکنڈ، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: عیدالفطر کب ہو گی؟ سپارکو نے پیشگوئی کر دی

 

اسی طرح مردان، صوابی، مہمند، باجوڑ، خیبر، اورکزئی، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی علاقوں میں بادل رہنے اور موسم سرد ہونے کی توقع ہے۔ اس دوران بالائی سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

 

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم ابر آلود رہا جبکہ بالائی علاقوں میں موسم سرد رہا۔ اس دوران اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری ریکارڈ کی گئی۔ سیدو شریف میں 11 ملی میٹر، کالام میں 7، دیر میں 11، تیمرگرہ میں 7، پشاور ائیرپورٹ اور پشاور شہر میں 5، چراٹ میں 5، پاڑا چنار میں 28، بالاکوٹ میں 45، کاکول میں 2، تخت بھائی میں 22 اور مالم جبہ میں 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

 

دروش، بنوں، کوہاٹ ایئربیس اور رسالپور میں بارش ریکارڈ نہیں ہوئی، جبکہ میرکھنی اور پٹن میں معمولی بارش (ٹریس) ریکارڈ کی گئی۔ ورسک ڈیم میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ غلنئی، لنڈی کوتل، مہمند ڈیم، ممد گٹ، باجوڑ اور بونیر کے اعداد و شمار دستیاب نہیں ہو سکے۔