لوئر چترال کے علاقے سریگال، دمیل، ارندو میں شدید برف باری کے دوران ایک رہائشی مکان پر برفانی تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد ملبے تلے دب گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، متاثرہ گھر باچاخان ولد گل محمد سکنہ بالا کا تھا۔ علاقہ مکینوں کی اور سیکیورٹی فورسز کی جوانوں کی مدد سے ریسکیو کارروائیاں شروع کی گئیں، جن کے دوران ملبے سے 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، جبکہ ایک 8 سالہ بچہ زخمی حالت میں زندہ نکالا گیا۔ زخمی بچے کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دیگر افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں باچاخان، ان کی اہلیہ اور سات بچے شامل ہیں۔ علاقہ میں شدید برف باری اور سرد موسم کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے لوئر چترال کے علاقے دمیل میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف اور امدادی پیکیج فراہم کرنے، برف باری سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کے لیے اضافی مشینری اور عملہ تعینات کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
