ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں فی تولہ سونا 12 ہزار 700 روپے مہنگا ہو گیا، جس کے بعد سونے کی قیمت 5 لاکھ روپے کی حد عبور کر گئی۔

 

تفصیلات کے مطابق فی تولہ سونا پہلی بار 5 لاکھ 6 ہزار 362 روپے کی نئی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، جبکہ 10 گرام سونا 10 ہزار 888 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 34 ہزار 123 روپے کا ہو گیا۔

 

عالمی منڈی میں صورتحال عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بڑھتی ہوئی سیاسی بے یقینی اور معاشی خدشات کے باعث سونا محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سرمایہ کاروں کی اولین ترجیح بن گیا ہے۔

 

بدھ کے روز عالمی منڈی میں سونے کی فی اونس قیمت 4 ہزار 800 ڈالر سے تجاوز کر گئی، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی کمزوری اور عالمی سطح پر سیاسی کشیدگی نے سونے کی قیمتوں کو مزید اوپر دھکیل دیا ہے۔

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یورپی ممالک پر ممکنہ ٹیرف، گرین لینڈ پر کنٹرول سے متعلق سخت بیانات اور نیٹو اتحادیوں پر تنقید نے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید متاثر کیا ہے۔

 

ٹرمپ نے حالیہ بیانات میں کہا تھا کہ گرین لینڈ کے معاملے پر "واپسی کا کوئی راستہ نہیں"، اور طاقت کے استعمال کے امکان کو بھی رد نہیں کیا، جس کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں بے چینی پھیل گئی۔

 

معاشی ماہرین کے مطابق اگر عالمی سیاسی صورتحال میں بہتری نہ آئی تو سونے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔