صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 21 سے 24 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ ملک کے بالائی حصوں کو متاثر کرے گا، جس کے باعث خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق متوقع بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں دریائے کابل اور اس سے ملنے والے ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے، جس سے 22 اور 23 جنوری کے دوران اچانک سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے جن اضلاع میں سیلاب کے خدشے کا اظہار کیا ہے ان میں سوات (اپر و لوئر)، چترال (اپر و لوئر)، بونیر، شانگلہ، دیر (اپر و لوئر)، مالاکنڈ، باجوڑ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، ہری پور، کوہستان (اپر و لوئر)، کولائی پالس، مردان اور صوابی شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے پشاور، نوشہرہ اور چارسدہ کی ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر دریائے کابل اور اس کے اطرافی ندی نالوں کے قریب رہنے والی آبادی کو محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔
انتظامیہ کو نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں کی نشاندہی کرنے، لوگوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور پناہ گاہوں میں خوراک اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کسانوں اور مویشی پال حضرات کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے مویشی دریائے کابل اور ندی نالوں کے قریب نشیبی علاقوں سے دور منتقل کریں۔
پی ڈی ایم اے نے نشیبی اور خطرناک علاقوں میں غیر ضروری ٹریفک محدود کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سڑکوں کی فوری بحالی کے لیے متعلقہ محکموں کو تیار رہنے کی ہدایت بھی کی ہے
