حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

 

ادھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع اضافے پر مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر معمولی حالات غیر معمولی اقدامات کا تقاضا کرتے ہیں۔

 

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو متوازن انداز میں تقسیم کرے گی اور اس کا سو فیصد بوجھ براہ راست صارفین پر منتقل نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق پہلے ہی عوام کے گھریلو بجٹ انتہائی محدود ہو چکے ہیں اور مزید بوجھ عوام کے لیے مشکلات میں اضافہ کرے گا۔

 

مزمل اسلم نے کہا کہ ایک بار پھر پیٹرول کے بحران کو بری طرح منظم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افطار کے وقت پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ رش پیٹرول کی قلت کی وجہ سے نہیں بلکہ قیمتوں میں ممکنہ اضافے سے متعلق افواہوں کے باعث دیکھنے میں آیا۔

 

یہ بیان مشیر خزانہ خیبرپختونخوا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور پی آر او انور خان خٹک کی جانب سے جاری کیا گیا۔