تحصیل بنوں کے علاقے منڈان، فضل شاہ میتا خیل میں جائیداد کے تنازعے کے دوران ہونے والی فائرنگ میں شدید زخمی ہونے والے سابق تحصیل ناظم بنوں اور معروف وکیل ملک نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں انتقال کر گئے۔
ملک نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ رواں ماہ 7 جنوری کو اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ فائرنگ کے دوران زخمی ہوئے تھے اور ہسپتال میں زیر علاج تھے، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
مرحوم ملک نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ سابق تحصیل ناظم بنوں رہ چکے تھے اور بنوں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے رکن بھی تھے۔
پولیس کے مطابق فضل شاہ میتا خیل واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد چار ہو گئی ہے، جبکہ چار دیگر افراد زخمی ہیں۔ پولیس کے مطابق ایک فریق سے عجب خان ولد عبدالرحیم اور روشن ولد امیر نواز موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ ملک نعمت اللہ ایڈووکیٹ شدید زخمی ہوئے۔ اسی واقعے میں ہارون، بابر ولد عجب خان اور یاسین ولد شاہ نراز بھی زخمی ہوئے۔
دوسرے فریق سے حسن ولد محمد ایوب خان فائرنگ کے دوران جاں بحق ہوئے، جبکہ ایک راہگیر مراد خان ولد امیر عبداللہ بھی زخمی ہوا۔
