ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ کینٹ کی حدود میں مسلح شخص نے گھر میں داخل ہو کر 17 سالہ لڑکی کو زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ملزم نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں لڑکی موقع پر جاں بحق ہو گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کی والدہ 45 سالہ ز۔ بی بی زوجہ ثناء اللہ، قوم قریشی، سکنہ نور آباد کالونی رتہ کلاچی حال عارف آباد ڈیال روڈ نزد بنگلہ جاوید اکبر خان نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی۔
رپورٹ کے مطابق وہ صبح تقریباً 9 بجے اپنے گھر میں موجود تھیں اور گھریلو کام کاج میں مصروف تھیں۔ اس دوران ان کی 11 سالہ بیٹی کچن میں جبکہ 17 سالہ بیٹی گھر کے ایک کمرے میں موجود تھی، جبکہ ان کا 4 سالہ بیٹا بھی گھر میں تھا۔
اسی دوران ایک مسلح نقاب پوش شخص گھر میں داخل ہوا اور سیدھا 17 سالہ لڑکی کے کمرے میں پہنچ گیا۔ شور سن کر اہلِ خانہ وہاں پہنچے تو ملزم اسلحہ کی نوک پر لڑکی کو زبردستی باہر لے آ رہا تھا اور اہلِ خانہ کو قریب آنے سے منع کر رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ملزم نے لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش کی، تاہم مزاحمت پر اس نے براہ راست فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گیا۔
فائرنگ کے بعد اہلِ خانہ نے لڑکی کو سنبھالا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ مقتولہ کی والدہ کے مطابق ان کا شوہر گزشتہ چار سال سے روزگار کے سلسلے میں دبئی میں مقیم ہے اور ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں۔
مقتولہ کی والدہ کی رپورٹ پر تھانہ کینٹ پولیس نے نامعلوم مسلح شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے اور ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
