خیبرپختونخوا کے   ضلع  کرک کے علاقے غنڈی میرانخیل میں گھریلو ناچاقی کے باعث پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد قتل ہو گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

 

ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ملزم فاروق کے دو سگے بھائی، بیٹی اور بھابھی سمیت چھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کرک اور صابر آباد ہسپتال منتقل کر دیا۔

 

پولیس کے مطابق گھریلو تنازعہ پر فاروق نامی شخص نے گھر میں اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

 

ڈی پی او کرک سعود خان نے بتایا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم فاروق کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

 

 پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔