پشاور کے علاقے حیات آباد میں خواجہ سرا کی جانب سے گن پوائنٹ پر شہری کو لوٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق واردات میں ملوث خواجہ سرا فہد عرف ہنی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ شہری سجاد حسین نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ جنرل اسٹور سے سودا سلف خرید کر واپس گھر جا رہا تھا کہ راستے میں خواتین کے کپڑوں میں ملبوس ایک خواجہ سرا اس کے قریب آ کر کھڑا ہو گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم نے اسلحہ نکال کر شہری کو دھمکایا اور گن پوائنٹ پر اس سے موبائل فون اور نقد رقم چھین لی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم فہد عرف ہنی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ متاثرہ شہری کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
