ضلع نوشہرہ کے علاقے مصری بانڈہ جلارونہ میں پسند کی شادی کرنے والے 24 سالہ نوجوان سید اسد علی شاہ ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول نے چھ سال قبل کورٹ میرج کی تھی اور بعد ازاں پنجاب منتقل ہو گیا تھا۔ جرگے کے ذریعے راضی نامے کے لیے مقتول کو گاوں بلایا گیا، جہاں مبینہ طور پر لڑکی کے بھائیوں کی فائرنگ سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔
مقتول کی لاش قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلکس نوشہرہ منتقل کی گئی، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد تھانہ مصری بانڈہ میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان واقعے کے بعد فرار ہو گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
دوسرا واقعہ نظام پور کے علاقے جبی میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول جبی کے چوکیدار محمد طفیل اپنی دکان کے سامنے رکشہ لوڈر سے سامان اتار رہے تھے کہ اسی دوران موٹرکار سوار زعفران خان نے راستہ مانگا۔ اس بات پر محمد طفیل اور زعفران خان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
عینی شاہدین کے مطابق زعفران خان نے پستول نکال کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں محمد طفیل اور ان کا بیٹا فہد کمال موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کے بعد محمد طفیل کے دوسرے بیٹے زاہد کمال نے گھر سے اسلحہ لا کر زعفران خان پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں زعفران خان بھی ہلاک ہو گیا۔ اس دوران زاہد کمال گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا، جسے ابتدائی طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال نوشہرہ منتقل کیا گیا اور بعد ازاں تشویشناک حالت کے باعث لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق تینوں مقتولین کا پوسٹ مارٹم مکمل کر کے لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ واقعے کا مقدمہ تھانہ نظام پور میں درج کر لیا گیا ہے
