باجوڑ تحصیل ماموند میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کا ایک اہلکار شہید ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ماموند کے علاقے مینہ میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے اہلکار کو نشانہ بنایا۔
پولیس ذرائع کے مطابق شہید ہونے والے سی ٹی ڈی اہلکار کی شناخت سیپور سکنہ مینہ کے طور پر ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔
شہید پولیس اہلکار کی نمازِ جنازہ باجوڑ پولیس لائن میں ادا کی گئی، جس میں پولیس افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پولیس نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یاد رہے کہ کل تحصیل ماموند کے علاقہ خوارو کلے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار رشید سکنہ کٹکوٹ شہید ہوگئے تھے۔
