لوئر وزیرستان میں مولانا حافظ سلطان محمد حقانی نصب شدہ بم (آئی ای ڈی) کے دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

 

مولانا حافظ سلطان محمد حقانی پر گزشتہ روز اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ مدرسے سے اپنے گھر کی جانب جا رہے تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کیا گیا، بعد ازاں تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں ڈی آئی خان ریفر کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

 

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مولانا حافظ سلطان محمد حقانی کی شہادت کے بعد دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

 

مولانا حافظ سلطان محمد حقانی جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) لوئر وزیرستان کے سینئر رہنما، وفاق المدارس العربیہ لوئر وزیرستان کے ذمہ دار اور جامعہ دارالعلوم اشرفیہ کے مہتمم تھے۔

 

شہید مولانا حافظ سلطان محمد حقانی کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں اشرف خیل مقبرہ میں ادا کی جائے گی، جبکہ علماء، کارکنان اور اہلِ علاقہ نے ان کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔