سلمان خان
خیبر پختونخوا میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنیاں، جن میں پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو)، ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) اور حال ہی میں قائم ہونے والی ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی شامل ہیں، عملے کی کمی کا سامنا کر رہی ہیں۔
2010 کے بعد ریگولر بھرتیوں کے نہ ہونے کی وجہ سے فیلڈ ملازمین پر صارفین کے کام کا شدید دباؤ ہے اور دفاتر میں دفتری امور کو نمٹانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں بجلی کے رجسٹرڈ ڈومیسٹک اور کمرشل صارفین کی تعداد 45 لاکھ 78 ہزار 226 ہے، لیکن ان صارفین کی خدمات کے لیے صرف 11,927 ملازمین تعینات ہیں۔
تینوں کمپنیوں میں مجموعی طور پر منظور شدہ اسامیوں کی تعداد 29,298 ہے، لیکن عملے کی کمی کے باعث 17,399 اسامیاں خالی پڑی ہیں۔
پیسکو میں 22,490 اسامیاں منظور شدہ ہیں جن میں سے 13,243 خالی ہیں اور کمپنی میں 9,275 ملازمین تعینات ہیں۔ صوابی، سوات، خیبر، ڈی آئی خان، مردان، پشاور اور بنوں سمیت مختلف سرکلس میں کئی اسامیاں خالی ہیں، جس سے فیلڈ اور دفتری عملہ دونوں پر کام کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔
ٹیسکو میں منظور شدہ اسامیوں کی تعداد 2,453 ہے، جن میں 1,480 اسامیاں خالی ہیں اور موجودہ عملہ صرف 973 ہے۔ ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی میں مجموعی طور پر 4,355 اسامیاں منظور شدہ ہیں، جن میں سے 2,676 اسامیاں خالی ہیں اور موجودہ اسٹاف کی تعداد 1,679 ہے۔
حکام کے مطابق عملے کی کمی کے باعث بجلی کی سپلائی میں خلل، صارفین کی شکایات میں اضافہ اور ملازمین پر اضافی دباؤ پیدا ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر فوری بھرتیوں کی ضرورت ہے
