ضلع خیبر کی وادی تیراہ میدان سے نقل مکانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں گزشتہ روز مزید 450 خاندان علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک 5 ہزار سے زائد خاندان وادی تیراہ سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔
نقل مکانی کرنے والے متاثرین کے لیے ضلعی انتظامیہ خیبر نے رجسٹریشن، نادرا بایومیٹرک تصدیق اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جبکہ ایک دو روز میں باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرین کو ابتدائی طور پر باغ مرکز اور دوتوئی چیک پوسٹ پر قائم رجسٹریشن پوائنٹس سے ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔
باغ مرکز پر آنے والے متاثرین وہیں سے جبکہ آگے بڑھنے والے افراد دوتوئی چیک پوسٹ سے ٹوکن حاصل کریں گے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تمام متاثرین کو اپنی حتمی رجسٹریشن اور نادرا بایومیٹرک تصدیق کے لیے پیندی چینہ مرکزی گورنمنٹ ہائی سیکنڈری سکول میں قائم مرکزی رجسٹریشن پوائنٹ پر حاضری دینا ہوگی، جہاں نادرا، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، زونگ کمپنی اور دیگر متعلقہ اداروں کا عملہ ہر وقت موجود ہوگا۔
پیندی چینہ رجسٹریشن مرکز پر متاثرین کے لیے خوراک اور طبی امداد کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ وہ افراد جنہوں نے ذاتی خرچ پر گاڑیاں کرایہ پر حاصل کی ہیں، انہیں کرایے کی نقد ادائیگی بھی اسی مقام پر کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق باغ مرکز اور دیگر پوائنٹس پر سرکاری گاڑیوں کا مکمل انتظام کر لیا گیا ہے، جن میں متاثرین اپنا سامان منتقل کر سکیں گے، اور ان گاڑیوں کا کرایہ انتظامیہ خود ادا کرے گی۔
انتظامیہ نے متاثرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بایومیٹرک تصدیق کے لیے قومی شناختی کارڈ اور ٹوکن لازمی ہمراہ لائیں۔
مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے وہ متاثرین جو پہلے ہی باڑہ یا پشاور منتقل ہو چکے ہیں، ان کی بایومیٹرک تصدیق کے لیے باڑہ میں الگ رجسٹریشن سنٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے متاثرین سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں اور رجسٹریشن کا عمل بروقت مکمل کریں۔
