محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں کرپشن کا ایک اور سکینڈل سامنے آ گیا ہے، جہاں سرکاری ہسپتال میں طویل عرصے سے غیر حاضر رہنے والا عملہ باقاعدگی سے تنخواہیں وصول کرتا رہا۔
دستاویزات کے مطابق تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شبقدر میں 8 ڈاکٹرز اور ایک چارج نرس طویل عرصے سے ڈیوٹی سے غیر حاضر ہیں، تاہم انہیں سرکاری خزانے سے تنخواہیں ادا کی جاتی رہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں تعینات تین ڈاکٹرز مبینہ طور پر بیرونِ ملک مقیم ہیں، جبکہ ایک ڈاکٹر سال 2023 سے مسلسل غیر حاضر ہونے کے باوجود تنخواہ لیتا رہا۔
اسی طرح ایک چارج نرس دو سال سے ڈیوٹی پر موجود نہیں، مگر اس کی تنخواہ بھی باقاعدگی سے جاری رہی۔
دستاویزات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ایک ڈاکٹر کا تبادلہ ہونے کے باوجود اس کی تنخواہ تاحال ٹی ایچ کیو شبقدر سے ادا کی جاتی رہی۔
معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے تمام غیر حاضر ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
