مردان کے علاقے ساول ڈھیر میں کم سن بچے کے قتل کے بعد پولیس کی بروقت کارروائی کے دوران مرکزی ملزم جنید پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق چار سالہ عبداللہ جمعرات کی عصر کے وقت لاپتہ ہوا تھا اور کچھ دیر بعد اس کی لاش کھیتوں سے برآمد ہوئی، جس پر ڈی پی او مردان مسعود احمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا۔
بچے کے والد کی مدعیت میں تھانہ جبر میں مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد ایس پی انعام جان خان کی نگرانی میں ڈی ایس پی کاٹلنگ اظہار شاہ خان اور ایس ایچ او مدثر خان کی قیادت میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ دورانِ کارروائی اطلاع ملی کہ ملزم جمال گھڑی نہر کے قریب کھیتوں میں روپوش ہے۔
پولیس کے چھاپے کے دوران ملزم نے فائرنگ شروع کی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں وہ ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا، لاش اسپتال منتقل کر دی گئی جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
