لکی مروت کے تھانہ پیزو کی حدود میں وانڈہ جوگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں اے ایس آئی ممتاز علی شہید ہوئے، جو تھانہ سٹی ٹانک میں بطور محرر فرائض انجام دے رہے تھے۔ شہید اہلکار چھٹی پر اپنے گاؤں آئے ہوئے تھے۔
ترجمان کے مطابق واپسی کے دوران جب ممتاز علی گاڑی میں سوار تھے تو وانڈہ جوگی کے مقام پر انہیں ایک پک اپ گاڑی سے اتار کر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہید اہلکار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ رات سوات کے علاقے سنگوٹہ میں کانسٹیبل حماد علی، جو لوئر دیر میں ایلیٹ فورس میں خدمات انجام دے رہے تھے اور چھٹی پر گھر آئے ہوئے تھے، بھی ایک الگ واقعے میں جاں بحق ہوئے۔
