خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے جمرود کے مقام سور کمر میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے دولہا اسد جاں بحق ہو گیا جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔

 

مقامی لوگوں  کے مطابق شادی کی خوشی میں  فائرنگ کی جا رہی تھی کہ اچانک ایک گولی دولہا اسد کو لگ گئی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق دولہا کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے۔ زخمی ہونے والے دو افراد کو فوری طور پر جمرود سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر کے تھانہ جمرود منتقل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ

 واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

 

واقعے پر علاقے میں غم کی فضا ہے، جبکہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں ہوائی فائرنگ سے گریز کیا جائے کیونکہ یہ قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے۔