محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے 100 کلوگرام ریکریئشنل ڈرگ پاؤڈر برآمد کر لیا ہے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق تھانہ ایکسائز پشاور ریجن کی ٹیم نے ایک گودام پر چھاپہ مارا، جہاں سے بڑی مقدار میں منشیاتی پاؤڈر برآمد کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ پاؤڈر ہیروئن، آئس اور دیگر منشیات میں ملاوٹ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، جو عوامی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔حکام کے مطابق یہ کارروائی ای ٹی او ماجد خان کی نگرانی میں کی گئی، جبکہ آپریشن کی قیادت ایس ایچ او ڈاکٹر حمید خان، ایڈیشنل ایس ایچ او امجد پراچہ اور دیگر عملے نے کی۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایکسائز انٹیلی جنس بیورو نے تین اہم کارروائیاں کیں۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق یہ کارروائیاں انچارج ایکسائز انٹیلی جنس بیورو سعود گنڈہ پور کی نگرانی میں کی گئیں۔ ایک کارروائی میں منشیات کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 24 ہزار گرام چرس برآمد کی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری کارروائی میں خفیہ اطلاع پر ایک شخص سے 400 ڈانس گولیاں برآمد ہوئیں، جسے حراست میں لے لیا گیا۔ تیسری کارروائی کے دوران 2 ہزار گرام آئس (کرسٹل میتھ) برآمد کی گئی۔
انچارج ایکسائز انٹیلی جنس بیورو کا کہنا ہے کہ صوبے میں منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور کسی کو بھی منشیات کے کاروبار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 28 ہزار گرام چرس، 400 ڈانس گولیاں اور 2 ہزار گرام آئس برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ محکمہ ایکسائز نے واضح کیا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوامی صحت و سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
