ڈی جی ہیلتھ خیبرپختونخوا ڈاکٹر شاہین اور رکن صوبائی اسمبلی صاحبزادہ محمد عدنان قادری نے ضلع خیبر کے لنڈی کوتل ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران او پی ڈی، ایمرجنسی یونٹ، لیبر روم، سرکاری وارڈز اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا گیا۔

 

اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے فوکل پرسن شمشیر آفریدی، محکمہ صحت کے افسر ڈاکٹر شہزاد اور ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احتشام بھی موجود تھے۔

 

دورے کے دوران شہریوں نے ڈی جی ہیلتھ کو ہسپتال میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ عوام نے بتایا کہ ہسپتال میں روزانہ تقریباً 20 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، پانی کی کمی ہے، سرکاری بچوں کے وارڈ میں شام کے وقت مریضوں کو داخل نہیں کیا جاتا، ایمرجنسی یونٹ میں سہولیات ناکافی ہیں، عملہ غیر حاضر رہتا ہے اور مریضوں کو روزانہ پشاور ریفر کیا جاتا ہے۔

 

شکایات سننے کے بعد ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شاہین نے برہمی کا اظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہسپتال کا بنیادی مسئلہ بجلی اور سولر سسٹم کی خرابی ہے۔ سرد موسم میں بچوں کے وارڈز کے لیے ہیٹنگ سسٹم کا متبادل انتظام کیا جائے گا۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ بجلی کے مسئلے کے حل کے لیے ٹیسکو کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کی جائے گی جبکہ ہسپتال کا سولر سسٹم فعال کرنے کے لیے ٹیم بھیجی جائے گی تاکہ ہسپتال کو سولر توانائی سے بجلی فراہم کی جا سکے۔

 

ڈی جی ہیلتھ کے مطابق لنڈی کوتل ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں مریضوں کے لیے سرکاری ادویات کی فراہمی کے لیے فنڈز بھی جاری کیے جائیں گے۔ بجلی، پانی، سرکاری وارڈز میں مریضوں کے داخلے، مشینری کی فعالیت اور دیگر مسائل پر تفصیلی رپورٹ محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائے گی اور عملی اقدامات کئے جائیں گے۔

 

دوسری جانب لنڈی کوتل کے عوام نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، سیکرٹری ہیلتھ، منتخب نمائندوں اور محکمہ صحت کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال میں دیگر اضلاع کی طرح بہتر علاج اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ علاقے کے غریب مریضوں کو مناسب طبی سہولت میسر آ سکے۔