جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں رستم بازار کے اندر دو فریقین کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں کراس فائرنگ کی زد میں آ کر ایک پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق اہلکار معمول کے مطابق بازار میں ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔ ڈی ایس پی عمران نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے پولیس کانسٹیبل کی شناخت اسلام الدین ولد نور خان کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق وزیر قبیلے سے تھا اور وہ علاقہ سنگہ کے رہائشی تھے۔
ڈی ایس پی کے مطابق پولیس اہلکار کی لاش ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کر دی گئی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر کے سٹی تھانے منتقل کر دیا، جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
