بنوں کے علاقے ڈومیل ادھمی پل کے قریب عسکریت پسندوں نے واپڈا کے عملے پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو ملازمین زخمی ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب واپڈا اہلکار ڈیوٹی پر مامور تھے۔

 

فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں عبد اللہ خان (ڈرائیور) اور نور محمد (لائن مین) شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

 

ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے موقع پر موجود واپڈا سپرنٹنڈنٹ مراد علی خان کو اغواء کرنے کی کوشش بھی کی، تاہم ان کی مزاحمت کے باعث یہ کوشش ناکام بنا دی گئی، جس کے بعد عسکریت پسند فرار ہو گئے۔

 

ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کے مطابق پولیس پارٹی کے موقع پر پہنچنے پر دہشتگردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔