ضلع کرک کے علاقے گرگری میں دہشتگردوں نے پولیس موبائل پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام پانچ پولیس اہلکار موقع پر شہید ہو گئے جبکہ پولیس موبائل کو آگ بھی لگا دی گئی۔ ڈی پی او سعود خان کے مطابق پولیس موبائل معمول کی گشت پر تھی کہ دہشتگردوں نے اچانک فائرنگ کر دی۔
شہید ہونے والے اہلکاروں میں شاہد اقبال، عارف، سمیع اللہ، صفدر اور ڈرائیور محمد ابرار شامل ہیں۔ حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور دہشتگردوں کی تلاش جاری ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس موبائل پر حملہ انسانیت دشمن اقدام ہے اور عوام کے جان و مال کے محافظوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، صوبائی حکومت پولیس کے ساتھ کھڑی ہے اور امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
