بنوں ٹاؤن شپ میں گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے ایک واقعے میں ملزم نے اپنی بیوی سمیت تین افراد کو قتل جبکہ ایک کم سن لڑکے کو زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے ملزم کی بیوی ز۔ب بی بی، محمد علی کی اہلیہ ع۔م بی بی اور 14 سالہ جواد خان موقع پر جاں بحق ہوئے، جبکہ 17 سالہ احمد ولد محمد علی شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی ابتدائی وجہ گھریلو تنازعہ بتائی جا رہی ہے۔ مقتولین کے رشتہ دار فیضان ولد صالح خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ملزم نور محمد سکنہ بیزن خیل حال کاروان فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن اور چھاپے جاری ہیں۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
