وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سُہیل آفریدی نے ضلع خیبر میں گرلز کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان کیا جبکہ گرلز کیڈٹ کالج مردان کی زیرِ تعمیر عمارت کی بروقت تکمیل کے لیے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری بھی دی۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سُہیل آفریدی نے گرلز کیڈٹ کالج مردان میں یومِ والدین کی تقریب سے خطاب کے دوران نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی کیڈٹس میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں اور طالبات، والدین، اساتذہ اور انتظامیہ کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ گرلز کیڈٹ کالجز باصلاحیت اور باکردار قیادت کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور یہاں پورے پاکستان سے طالبات کی تعلیم ادارے کی قومی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔
اپنے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت اور گورننس سمیت تمام شعبوں میں بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، اساتذہ نوجوان نسل کو صوبے کے مالی اور آئینی حقوق سے آگاہ کریں۔
وزیرِ اعلیٰ کے مطابق وفاق کے ذمے خیبر پختونخوا کے تقریباً 4500 ارب روپے واجب الادا ہیں اور فنڈز کی عدم ادائیگی کے باعث ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ سستی بجلی فراہم کر رہا ہے مگر آئی پی پیز معاہدوں کے باعث عوام مہنگی بجلی ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں افراد کا ملک چھوڑ جانا تشویشناک ہے اور قومی پالیسی پر سنجیدگی سے نظرِ ثانی کی ضرورت ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حقوق کے حصول کے لیے سیاسی اور آئینی جدوجہد جاری رہے گی اور عوامی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
