خیبر، باڑہ میں انجمن تاجران باڑہ نے باڑہ بازار میں کاروبار کرنے والے افغان تاجروں کے ساتھ ایک اہم نشست منعقد کی، جس میں افغان تاجروں کے کاروبار سمیٹنے اور باعزت طریقے سے اپنے ملک واپسی کے طریقۂ کار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

 

اس موقع پر افغان تاجروں کی نو رکنی کمیٹی، جس میں عالم، نوران شاہ، سخی، علی اور دیگر شامل تھے، کے ساتھ مذاکرات کئے گئے۔ افغان تاجروں نے باعزت واپسی اور کاروبار سمیٹنے کے عمل پر خوش دلی سے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انہوں نے بھی ویسی ہی زندگی گزاری جیسی مقامی شہریوں نے گزاری اور انہیں وہ تمام سہولیات میسر رہیں جو پاکستانی شہریوں کو حاصل تھیں۔

 

انجمن تاجران باڑہ کے عہدیداران نے بتایا کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کی جا چکی ہے، جبکہ آئندہ جمعہ کو ایک مزید اہم نشست میں تمام معاملات پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ انجمن تاجران باڑہ نے افغان تاجروں سمیت تمام شہریوں کی باعزت واپسی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، جس پر افغان تاجروں نے انجمن تاجران کا شکریہ ادا کیا۔

 

دوسری جانب ضلع نوشہرہ میں افغان مہاجرین کی باعزت اور رضاکارانہ وطن واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان اللہ محسود کے مطابق تحصیل پبی میں قائم ترکمن کیمپ سے افغان مہاجر خاندانوں کا انخلا خوش اسلوبی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔

 

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ آکوڑہ خٹک، خیرآباد اور خویشگی میں قائم کیمپوں سے بھی متعدد افغان خاندان روزانہ کی بنیاد پر رضاکارانہ طور پر اپنے وطن واپس روانہ ہو رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نوشہرہ کی جانب سے مہاجرین کو واپسی کے دوران مکمل سہولیات اور باوقار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ سہولیات میں ٹرانسپورٹ کی فراہمی، نادرا کی موبائل وین، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، ایمبولینس سروس، میڈیکل ٹیمیں اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وی آر سی سینٹر اضاخیل ضلع نوشہرہ میں مہاجرین کی گاڑیوں کی منظم پارکنگ، رہنمائی اور سہولیات کی نگرانی کا عمل بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔

 

ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ تمام افغان خاندانوں کی واپسی کا مرحلہ آسان، محفوظ اور باعزت طریقے سے مکمل ہو۔