پاراچنار، ضلع کرم میں اغوا اور قتل کے حالیہ واقعات کے بعد مرکزی شاہراہ سمیت آمدورفت کے تمام اہم راستے گزشتہ پانچ روز سے بند ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

 

پولیس کے مطابق اپر کرم میں مالی خیل قبیلے کے رہنما حاجی کاکئے اور گاؤں بوشہرہ کے رہائشی ریاض خان کو نامعلوم افراد نے اغوا کے بعد قتل کر دیا تھا۔ دونوں مقتولین کی لاشیں غیر آباد علاقوں سے برآمد ہوئیں، جس کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مرکزی شاہراہ اور دیگر راستے بند کر دیے گئے۔

 

قبائلی رہنما جلال بنگش نے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ متعدد امن معاہدوں کے باوجود مرکزی شاہراہ گزشتہ چودہ ماہ سے مکمل طور پر آمدورفت کے لیے بحال نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ راستوں کی بندش سے مریضوں، طلبہ اور روزمرہ کے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اغوا اور قتل میں ملوث عناصر کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

 

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور راستے کھولنے کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ معمولاتِ زندگی بحال کیے جا سکیں۔