باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے تنگی میں انسداد پولیو مہم کے دوران نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک سویلین جان کی بازی ہار گئے۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ سے پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار سجاد موقع پر شہید ہو گئے، جبکہ ایک راہگیر شہری بھی فائرنگ کی زد میں آ کر جان کی بازی ہار گیا۔

 

ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کے فوری بعد علاقے میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری روانہ کر دی گئی ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 

ڈی پی او کے مطابق واقعے کے باوجود ضلع بھر میں انسدادِ پولیو مہم جاری رہے گی، اور پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز اور سیکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا