فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز پشاور پر گزشتہ ماہ ہونے والے خودکش حملے میں ملوث دہشتگرد نیٹ ورک کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق حملے میں شامل خودکش بمباروں کا تعلق ایک کالعدم دہشتگرد تنظیم سے تھا۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ خودکش حملہ آوروں نے واردات سے قبل چند روز پشاور میں قیام کیا، جس دوران وہ شہر کے مختلف راستوں اور حساس مقامات سے بخوبی واقف ہو گئے تھے۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ خودکش بمباروں کو نہ صرف رہائش فراہم کی گئی بلکہ خودکش جیکٹس کی تیاری اور فراہمی میں بھی سہولت کاری کی گئی۔
حکام کے مطابق اس کیس میں اب تک 150 سے زائد افراد سے تفتیش کی جا چکی ہے، جبکہ نیٹ ورک سے جڑے مزید کرداروں کی نشاندہی کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایف سی ہیڈکوارٹرز پشاور پر ہونے والے خودکش حملے میں تین اہلکار شہید اور پانچ زخمی ہو گئے تھے، جبکہ خودکش بمبار سمیت تین حملہ آور بھی ہلاک ہوئے تھے۔ تفتیشی اداروں کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
