پشاور میں بائیک سروس کے نام پر راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد پولیس نے تمام آن لائن بائیک رائیڈرز کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان بائیک سروس فراہم کرنے والوں کا روپ دھار کر شہریوں کا اعتماد حاصل کرتے ہیں اور مناسب موقع ملتے ہی انہیں لوٹ کر فرار ہو جاتے ہیں۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر خیبر پختونخوا پولیس نے ایک خصوصی موبائل ایپ بھی تیار کی ہے جس کی تفصیلات جلد عوام کے لیے جاری کی جائیں گی۔

 

ایس ایس پی آپریشنز پشاور فرحان خان نے بتایا کہ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے آن لائن بائیک رائیڈرز کی تھانوں میں باضابطہ رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کے اعتماد اور سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔

 

ایس ایس پی آپریشنز نے مزید بتایا کہ متعدد وارداتوں میں بائیک رائیڈرز ہی شہریوں کو لوٹنے میں ملوث پائے گئے، جبکہ اب تک 20 سے زائد آن لائن رائیڈرز کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کے بعد رائیڈرز کی شناخت، نگرانی اور ٹریکنگ ممکن ہو سکے گی، جس سے اسٹر یٹ کرائم کی شرح میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی۔