ضلع خیبر،لنڈی کوتل میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈاکٹرز اور دیگر عملے نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے او پی ڈی کا بائیکاٹ کر دیا۔ ہسپتال میں گزشتہ کئی روز سے روزانہ 20 گھنٹے تک بجلی بند رہنے کے باعث طبی سہولیات شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

 

عملے کے مطابق بجلی نہ ہونے سے وارڈز، ایمرجنسی، لیبارٹری اور دیگر اہم شعبوں میں کام رک گیا ہے، جبکہ موسمِ سرما میں آنے والے مریض شدید پریشانی اور تکلیف کا شکار ہیں۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کا کہنا ہے کہ مسلسل لوڈشیڈنگ سے علاج معالجے کا نظام مفلوج ہو چکا ہے، طبی آلات اور ہیٹنگ سسٹم بند پڑے ہیں، جس سے مریضوں کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے۔

 

احتجاجی مظاہرین نے واضح کیا کہ جب تک بجلی بحران حل نہیں ہوتا اور ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے، او پی ڈی کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔علاقہ مکینوں نے بھی متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ہسپتال میں بجلی بحال کی جا سکے اور مریضوں کو شدید سردی میں درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔