خیبر کے علاقے باڑہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولیس وردی میں ملبوس مسلح گروہ کی جانب سے شہری کو اغواء کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ تھانہ باڑہ پولیس کے مطابق باڑہ بازار میں رحمت اللہ ولد میر خان کو دو مشکوک گاڑیوں میں سوار افراد نے سرکاری وردی اور اسلحہ کے زور پر اغواء کرنے کی کوشش کی۔
ایس ایچ او باڑہ ہردم گل کی ہدایت پر ایڈیشنل ایس ایچ او صالح محمد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر دو اہم ملزمان ؛ افضل مجید ولد مجید ساکن ہنگو اور غیاث الدین ولد شیر اعظم ساکن چارپریزہ پشاور ، کو گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان نے جعلی پولیس وردیاں پہن رکھی تھیں جبکہ ان کے قبضے سے کلاشنکوف سمیت اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران مغوی رخمت اللہ کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔
گرفتار افراد کو تھانہ باڑہ منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں ملزمان ایک منظم جرائم پیشہ گروہ کا حصہ ہیں جو مختلف علاقوں میں سنگین وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جعلی وردیوں، جعلی شناخت یا غیر قانونی طریقوں سے شہریوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے گی اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
