بنوں میں میرانشاہ روڈ پر جنازے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں مسمی بادشاہ میر خان خدی کی نعش شمالی وزیرستان منتقل کرنے والے جنازہ قافلے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔
واقعہ متاثرین کیمپ کے قریب پیش آیا، جہاں گاڑی اور ایمبولینس کو اچانک فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے ایک کمسن بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ گاڑی میں سوار چار افراد زخمی ہوئے۔ فائرنگ کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی، جس کے باعث متاثرہ افراد گاڑی وہیں چھوڑ کر نعش کو شمالی وزیرستان منتقل کر گئے۔
دوسری جانب ضلع بنوں میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر خیبرپختونخوا کے محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے ڈپٹی کمشنر بنوں کے ذریعے 06 اور 07 دسمبر 2025 کو مختلف اہم شاہراہوں پر عام شہریوں اور نجی گاڑیوں کی نقل و حمل پر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت سخت جزوی پابندی عائد کر دی ہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن عامہ کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پابندی روٹ نمبر 1 پر مین بنوں–میرانشاہ غلام خان روڈ، سیدگی سے ٹپی کلہ چوک اور آر پی او ہاؤس تک جبکہ روٹ نمبر 2 پر بکاخیل منڈی، آزاد منڈی شاہین چوک، ٹپی کلہ چوک، اور بنوں–میرانشاہ روڈ کے شاہین چوک سے ٹپی کلہ چوک تک ایک کلومیٹر کے دونوں اطراف پر نافذ ہوگی۔ پابندی دونوں دن صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک مؤثر رہے گی۔
