کرک سے موصول اطلاعات کے مطابق معروف ٹک ٹاکر صندل خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان کے آبائی گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں تلاش کرنے کی کوشش کی۔ صندل خٹک کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ گھر پر موجود نہیں تھیں۔
صندل خٹک نے ایک ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ مسلح افراد نے ان کے والد سے پوچھا کہ "صندل خٹک کہاں ہے؟" اور بتایا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ وہ گاؤں آئی ہوئی ہیں۔ صندل کے مطابق ان کے والد نے جواب دیا کہ وہ گھر پر موجود نہیں ہیں۔
ٹک ٹاکر نے بتایا کہ مسلح افراد نے ان کے والد پر دباؤ ڈالتے ہوئے کہا کہ صندل خٹک کو ویڈیو بنانے سے منع کریں کیونکہ یہ عمل پشتون روایات کے خلاف ہے۔ صندل خٹک کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد انہیں اپنی جان کو سنگین خطرہ محسوس ہو رہا ہے۔
صندل خٹک نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے اپنی حفاظت یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے سے روکنے کی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔
