ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کھتی چیک پوسٹ پر قانونی دستاویزات نہ رکھنے والے 16 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران تمام افراد کے پاس رہائشی اور سفری دستاویزات موجود نہیں تھیں، جس پر انہیں حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف فارن ایکٹ کی دفعہ 14 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے چار ختم شدہ افغان مہاجر کیمپوں میں مقیم خاندانوں کو تین دن کے اندر کیمپ خالی کرنے کا باضابطہ حکم جاری کردیا تھا۔ حکام کے مطابق اتوار سے افغان مہاجرین کے خلاف باقاعدہ آپریشن شروع کیا جائے گا اور مقررہ مدت کے بعد بھی کیمپ نہ چھوڑنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان اللہ محسود کے مطابق آکوڑہ خٹک کے چار سابقہ مہاجر کیمپوں میں مقیم افغان خاندانوں کو اسسٹنٹ کمشنر جہانگیرہ آنیس الرحمن نے پولیس ٹیم کے ہمراہ نوٹس جاری کیے ہیں۔