ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پنیالہ میں پولیس وین پر آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا پنیالہ کالج کے قریب اس وقت ہوا جب پولیس وین گشت پر تھی۔
شہید اہلکاروں میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شامل ہیں۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ دھماکے میں تین پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے دکھ میں وہ برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر خیبرپختونخوا کے امن اور انسانیت کے دشمن ہیں، اور پولیس کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔