بنوں کے علاقے پیران داؤد شاہ میں پولیس اسٹیشن کینٹ کی حدود سے فرنٹیئر کانسٹبلری (ایف سی) کے دو اہلکاروں کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔
اغوا کیے گئے اہلکاروں کی شناخت سپاہی راج ولی اور سپاہی عظمت (پلاٹون نمبر 553 دریوبہ) کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں اہلکار کرم گڑھی سے چھٹی پر واپس آرہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے انہیں روک کر ساتھ لے گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کو اغوا کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں معلومات اکٹھی کرنے اور واقعے کی تفتیش میں مصروف ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں، اور اہلکاروں کی بازیابی کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔