بنوں ،میرانشاہ روڈ پر حدری ممندخیل کے قریب عسکریت پسندوں نے اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان کی گاڑی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی، دو پولیس اہلکاروں اور ایک راہ گیر سمیت چار افراد شہید ہو گئے۔ حملے میں دو اہلکار شدید زخمی بھی ہوئے۔
پولیس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ سے بنوں کی جانب جا رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے اچانک گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے بعد حملہ آوروں نے سرکاری گاڑی کو آگ بھی لگا دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔ زخمی اہلکاروں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی بنوں نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی بھی شہید ہو گئے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔