وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی زیر صدارت ضلع پشاور سے متعلق پارلیمنٹرینز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں موجودہ و سابق اراکین اسمبلی سمیت پشاور کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں پشاور کی عظمت رفتہ کی بحالی، شہر کی ترقی اور میگا پراجیکٹس میں تیزی کے لیے فیصلے کئے گئے۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ پشاور کی ترقی کے لیے 100 ارب روپے کے منصوبوں پر مشتمل گرینڈ میٹنگ جلد بلائی جائے گی جس میں شہر کے انفراسٹرکچر، ٹریفک، صفائی، صحت، تعلیم اور شہری سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور میں 7 دسمبر کو ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں انتظامی، سیاسی اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا تاکہ جلسے کو بھرپور اور کامیاب بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ پشاور صرف صوبے کا دارالحکومت ہی نہیں بلکہ "ہمارا چہرہ" ہے، اور اس کی ترقی اُن کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے میگا پراجیکٹس، شہر کو درپیش سنگین مسائل اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے تمام اداروں کو مشترکہ حکمت عملی سے کام کرنا ہوگا۔