ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
ضلع کرم: گھر پر مبینہ مارٹر گولہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ بچے جاں بحق Home / جرائم,قبائلی اضلاع /

ضلع کرم: گھر پر مبینہ مارٹر گولہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ بچے جاں بحق

سپر ایڈمن - 26/11/2025 213
ضلع کرم: گھر پر مبینہ  مارٹر گولہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ بچے جاں بحق

نبی جان اورکزئی

ضلع کرم کے علاقے مناتو کے گاؤں وراستہ میلہ میں گزشتہ شب گلاب ماما نامی شہری کے گھر پر نامعلوم سمت سے داغا گیا مارٹر گولہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ کم عمر بچے جاں بحق ہوگئے۔ صبح کے وقت مقامی افراد نے بچوں کی لاشیں اٹھا کر مناتو مین روڈ پر ایف سی قلعے کے سامنے رکھ کر شدید احتجاج کیا۔

 

سنٹرل کرم تھانہ چینارک کے ایس ایچ او مامور خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رات کے وقت نامعلوم جانب سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ گلاب ماما کے گھر پر گرا، جس کے نتیجے میں گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اندر موجود پانچ بچے موقع پر دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 17 سالہ محمد صابر، 15 سالہ محمد اسامہ، 14 سالہ محمد قابل، 8 سالہ محمد ساجد اور 6 سالہ محمد صادق شامل ہیں۔

 

ایس ایچ او کے مطابق مارٹر گولہ گرنے سے پورا گھر بیٹھ گیا جبکہ قریبی مقامات پر بھی دھماکے کی آواز سنی گئی۔ واقعے کے بعد مشتعل مقامی افراد نے لاشوں کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مسلسل ہونے والی گولہ باری سے بے گناہ شہری نشانہ بن رہے ہیں اور اس ظلم کا جواب کون دے گا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ "بے قصور بچوں پر گولہ برسانا کہاں کا انصاف ہے؟ مرنے والوں میں کون دہشتگرد تھا؟"

 

انہوں نے الزام لگایا کہ اس سے قبل بھی مساجد اور گھروں پر نامعلوم سمتوں سے مارٹر گولے برسائے گئے، جس سے عبادت گاہوں اور املاک کو نقصان پہنچا، مگر آج تک کسی کو جوابدہ نہیں ٹھہرایا گیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ گھروں پر حملے بند کیے جائیں اور ذمہ داران کو بے نقاب کیا جائے۔

 

بعدازاں مقامی مشران کی مداخلت اور سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ افسران کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کرکے شفاف تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو سخت ترین سزا دلائی جائے گی۔ حکام نے جاں بحق بچوں کے لواحقین کو شہید پیکج اور متاثرہ گھر کی دوبارہ تعمیر کا بھی وعدہ کیا ہے۔

تازہ ترین