ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
نوشہرہ: نظام پور کئی میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ، اہم کمانڈر ہلاک Home / جرائم,خیبر پختونخوا /

نوشہرہ: نظام پور کئی میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ، اہم کمانڈر ہلاک

سپر ایڈمن - 26/11/2025 185
نوشہرہ: نظام پور کئی میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ،  اہم کمانڈر ہلاک

نوشہرہ کے علاقے نظام پور کئی میں بدھ کی صبح مبینہ طور پر کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک اہم دہشت گرد سمیع عرف سنی ہلاک ہوگیا۔ ڈی ایس پی آکوڑہ خٹک سرکل جواد خان کے مطابق ہلاک دہشت گرد پولیس کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔

 

ڈی ایس پی جواد خان نے بتایا کہ سمیع عرف سنی پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کانسٹیبل مقصود خان کے قتل میں ملوث تھا۔ اس کے علاوہ وہ ایک موبائل کمپنی کے اہلکاروں کو "بھائی تعاون" کے نام پر اغوا کرنے سمیت مختلف سنگین وارداتوں میں بھی مطلوب تھا۔

 

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے دوران دہشت گرد کے دو ساتھی زخمی حالت میں موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ مقامی عمائدین کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر اور جرائم پیشہ گروہوں کا ’’بے تاج بادشاہ‘‘ سمجھا جاتا تھا۔

 

پولیس نے ہلاک دہشت گرد کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نوشہرہ منتقل کر دی ہے۔ ڈی ایس پی آکوڑہ خٹک کے مطابق سرچ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک فرار دہشت گردوں کو گرفتار نہیں کر لیا جاتا۔

تازہ ترین