ایف سی ہیڈکوارٹر پشاور پر ہونے والے حملے کی ویڈیو فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے، جس میں حملہ آوروں کی آمد، حرکت اور حملے کے طریقہ کار کی واضح جھلک دکھائی دیتی ہے۔ فوٹیج مختلف مقامات پر نصب کیمروں سے حاصل کی گئی ہے۔
جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تینوں حملہ آور ایک ہی موٹرسائیکل پر سوار ہو کر الٹی سمت سے ہیڈکوارٹر کی جانب آتے ہیں۔ وہ closer پوائنٹ پر ایک دکان کے سامنے موٹرسائیکل کھڑی کرتے ہیں، جس کے بعد پہلا خودکش حملہ آور کافی دیر تک ہیڈکوارٹر کے باہر کھڑا رہتا ہے۔ فوٹیج میں ٹوپی اور چادر اوڑھے حملہ آور کو بار بار چہرہ چھپاتے اور کچھ فاصلے تک پیدل آتے جاتے بھی دیکھا گیا ہے، اس دوران طلبہ اور دیگر گاڑیاں اس کے قریب سے گزرتی رہیں۔
فوٹیج کے مطابق پہلے حملہ آور نے مین گیٹ پر دھماکہ کیا، جس کی آڑ میں باقی دو حملہ آور اندر داخل ہوئے۔ ہیڈکوارٹر کے اندر داخل ہوتے ہی ایک بکتربند گاڑی نے ان کا راستہ روک لیا، جس کے باعث دونوں حملہ آور پارکنگ ایریا کی طرف مڑے۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور پارکنگ سے نکلنے کی بار بار کوشش کرتے ہیں، اسی دوران پارکنگ میں ہونے والا زور دار دھماکہ بھی فوٹیج میں ریکارڈ ہوا ہے۔