جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا میں شولام ہسپتال پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے کی کوشش پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی۔ عینی شاہدین کے مطابق تقریباً 12 مسلح افراد ہسپتال اور قریبی چیک پوسٹ کی جانب بڑھ رہے تھے اور ان کے ساتھ ایک ڈرون کیمرہ بھی موجود تھا۔
پولیس کے موقع پر پہنچنے پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی فوری فائرنگ کی۔ چند منٹ جاری رہنے والے اس تبادلے میں ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا۔
مسلح افراد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔