ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
خیبر/جمرود: قبائلی رہنما آفریدی قوم کے خلاف الزامات مسترد کرتے ہیں،اختیار ولی سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ Home / قبائلی اضلاع /

خیبر/جمرود: قبائلی رہنما آفریدی قوم کے خلاف الزامات مسترد کرتے ہیں،اختیار ولی سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ

سپر ایڈمن - 25/11/2025 134
خیبر/جمرود:  قبائلی رہنما آفریدی قوم کے خلاف الزامات مسترد کرتے ہیں،اختیار ولی سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ

جمرود، قبائلی مشران اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قبائل، خصوصاً افریدی قوم کے خلاف لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ مقررین نے کہا کہ قبائل ہمیشہ محب وطن رہے ہیں اور ملک و قوم کے لیے تاریخی قربانیاں دیتے آئے ہیں، آج بھی فرنٹ لائن پر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

 

شرکاء کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے الزامات پختون قوم کی تضحیک اور قبائلی شناخت کی توہین کے مترادف ہیں، جو معاشرے میں انتشار، بے چینی اور کشیدگی کو ہوا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی حوصلہ شکنی اور ان کا فوری تدارک ضروری ہے۔

 

قبائلی مشران نے مسلم لیگ کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ پختونخوا اور قبائلی اضلاع کی ترقی میں مثبت اور عملی کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں نے دہشتگردی کے باعث بے پناہ مشکلات جھیلی ہیں، ایسے میں ضروری ہے کہ یہاں صنعتوں کا قیام، روزگار کے مواقع اور جامع ترقیاتی منصوبے جلد از جلد تشکیل دیے جائیں۔

 

رہنماؤں نے مسلم لیگ کے ایک رہنما اختیار ولی کے متنازع بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی گفتگو پر غیر مشروط معافی مانگیں، بصورت دیگر قبائل قانونی چارہ جوئی اور تمام آئینی راستے اختیار کریں گے۔

 

پریس کانفرنس کے آخر میں مقررین نے قبائلی ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ قبائل ہمیشہ کی طرح صوبے اور اپنے علاقے کے امن و استحکام کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

تازہ ترین