وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت پولیس کے اسپیشل برانچ سے متعلق اہم اجلاس میں محکمے کی مکمل بہتری اور نئے ڈھانچے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں اسپیشل برانچ کے لیے 1,221 نئی آسامیوں کی منظوری کے ساتھ محکمے کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے کے بڑے فیصلے کیے گئے۔
وزیر اعلیٰ نے اسپیشل برانچ کے لیے صوبے بھر میں نئی عمارتوں کے قیام، ایک ارب 82 کروڑ روپے کے انفراسٹرکچر منصوبوں اور جدید آلات و ٹیکنالوجی کی خریداری کے لیے 2 ارب 54 کروڑ روپے مختص کرنے کی ہدایت کی۔
محکمے کو 98 گاڑیاں اور 404 موٹر سائیکلیں بھی ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی، جبکہ موٹر وہیکلز کی خریداری کے لیے 9 کروڑ 47 لاکھ روپے منظور کیے گئے۔
اجلاس میں اسپیشل برانچ کے مجوزہ الاؤنسز کو بھی ترجیحی بنیادوں پر منظوری کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی، جس سے محکمے کی کارکردگی اور صلاحیت میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔