اورکزئی میں اتمان خیل قبائل کے مشران نے اورکزئی پریس کلب کے ہنگو افس میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران پولیس پر شدید تنقید کی اور ڈی ایس پی محبوب خان پر یکطرفہ کارروائی کا الزام عائد کیا۔
قبائلی مشران نے کہا کہ اتمان خیل اور فیروزخیل قبائل کے درمیان تنازعے میں پولیس نے اتمان خیل کے ٹھکانے مسمار کیے اور انہیں دہشتگرد ٹھکانے قرار دیا، جبکہ فیروزخیل کے ٹھکانے بالکل محفوظ رہے۔
مشران نے بتایا کہ سرہ میلہ کے مقام پر قبائلی تنازعے کے حل کے لیے جرگے اور حد بندی کے اقدامات کیے گئے، مگر ڈی ایس پی محبوب خان نے جرگہ غیر واضح وجوہات کی بنا پر ختم کر دیا۔ انہوں نے حکومت اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ یکطرفہ کارروائیاں بند کی جائیں اور امن قائم کرنے کے بجائے مزید انتشار نہ پھیلایا جائے۔
دوسری جانب ڈی ایس پی محبوب خان نے موقف اختیار کیا کہ پولیس قانون کے مطابق کارروائی کر رہی ہے اور تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس غیر جانبدار ہے اور کسی پر ناجائز دباؤ نہیں ڈالا گیا۔