وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں قابل کاشت کمانڈ ایریا بڑھانے کے لیے جامع پلان کی فوری تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غذائی تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمے مل بیٹھ کر غذائی تحفظ کے لیے آؤٹ آف باکس حل تیار کریں۔
وزیراعلیٰ نے آبپاشی کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جدید ایسٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے، نہری نظام کی جی آئی ایس میپنگ اور مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ کی تیاری کے احکامات بھی جاری کئے۔ سہیل آفریدی نے محکمہ آبپاشی کے تمام امور، خصوصاً ابیانہ کلیکشن کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے شفافیت اور کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے نہروں کی صفائی و مرمت کیلئے کوآرڈینیٹس اور ویڈیوز تیار کرنے، خالی آسامیوں پر بھرتیوں میں تیزی لانے اور ’’آن پے سکیل‘‘ کلچر کے خاتمے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر، قوانین اور بجٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے زیر تعمیر سمال ڈیمز کی بروقت تکمیل یقینی بنانے اور ڈیموں کے قریب سیاحتی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات تیز کرنے کے احکامات جاری کئے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
دوسری جانب حکومت خیبر پختونخوا نے ضم اضلاع کے کسانوں کے لیے زیتون کے باغات لگانے کی خصوصی سکیم کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ زراعت توسیع ضلع خیبر کے مطابق، ایک سے آٹھ ایکڑ تک زیتون کی کاشت میں دلچسپی رکھنے والے کسان اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
درخواست فارم 100 روپے کے سٹامپ پیپر پر تحریر کرکے شناختی کارڈ کی کاپی کے ساتھ ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت خیبر کے نام پر جمع کرانا ہوگا، جو متعلقہ تحصیل ایگریکلچر آفس میں وصول کیا جائے گا۔
محکمہ نے واضح کیا ہے کہ سکیم صرف زیتون کے باغات کے لیے ہے اور اس میں باڑ یا اینگل آئرن کی سہولت شامل نہیں۔ کسانوں کی رہنمائی کے لیے تحصیل جمرود، باڑہ اور لنڈی کوتل میں نامزد افسران کے رابطہ نمبر بھی جاری کئے گئے ہیں۔ حکومت کے مطابق یہ سکیم ضم اضلاع میں زرعی ترقی اور کسانوں کی آمدنی میں اضافے کے لیے اہم قدم ثابت ہوگی۔
حکومت خیبر پختونخوا نے ضم اضلاع کے کسانوں کے لیے زیتون کے باغات لگانے کی خصوصی اسکیم متعارف کرادی ہے۔ محکمہ زراعت توسیع ضلع خیبر کے مطابق 1 ایکڑ سے 8 ایکڑ تک زیتون کی کاشت میں دلچسپی رکھنے والے کسان اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔