وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل واضح کر چکے ہیں کہ دہشتگردوں سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی اور ریاست دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سخت مؤقف پر قائم ہے۔
وزیر داخلہ نے کیڈٹ کالج وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں حالیہ حملہ ناکام بنانے والی کارروائی پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ “کوئی مذہب بچوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا، کالج پر حملہ کرنے والے درندوں کا نہ کوئی دین ہے نہ انسانیت سے تعلق۔”
انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل کی ہدایت پر کیڈٹ کالج وانا کی مکمل تزئین و آرائش بہترین انداز میں کی جائے گی، تاکہ طلبہ کے لیے محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کی بیشتر منصوبہ بندی بیرون ملک سے ہوتی ہے، تاہم ریاست کسی کو بھی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ “فیلڈ مارشل کہہ چکے ہیں کہ دہشتگردوں سے بات نہیں ہوگی۔”
اس دوران قبائلی عمائدین نے پاک فوج اور فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد اسلام کے دائرے سے خارج ہیں اور ان کا انسانیت سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔